کارکلا،25 / جون (ایس او نیوز) گھر میں موجود ٹی وی سیٹ فروخت کرنے کی بات پر شروع ہونے والا جھگڑا میاں بیوی کی موت پر ختم ہوگیا جس کے نتیجے ان کے دو معصوم بچے یتیم ہوگئے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شمالی کینرا کے یلاپور میں بسنے والے سیدّی قبیلے سے تعلق رکھنے والا ایمانویل سیدّی (40 سال) اپنی بیوی یشودھا (32 سال) اور سالُو (11 سال) ، آئرین (10 سال) نامی دو بچوں کے ساتھ کارکلا میں مقیم تھا ۔ ایمانویل ممبئی گارڈن نامی ہوٹل ملازمت کرتا تھا اور اس کے دونوں بچے مقامی سرکاری اسکول میں زیر تعلیم تھے ۔ ایمانویل سیدّی عادی شرابی تھا اور اس وجہ سے چھوٹی چھوٹی باتوں پر میاں بیوی کے درمیان روز جھگڑا ہوتا تھا۔
اس جوڑے کے بچوں نے جو تفصیلات بتائی ہیں اس کے مطابق آج صبح ایمانویل سیدّی نے اپنے گھر میں موجود ٹی وی سیٹ فروخت کرنے کی بات کہی تو اس کی بیوی یشودھا نے اس پر اعتراض جتایا اور جب جھگڑا بڑھ گیا اس نے گھر سے بھاگ کر قریب میں واقع جھیل میں چھلانگ لگا دی ۔ اسے بچانے کے لئے ایمانویل نے بھی چھلانگ لگائی مگر وہ ایک اچھا تیراک ہونے کے باوجود اپنی بیوی کو پانی سے باہر نکالنے میں ناکام رہا اور خود بھی ڈوب کر ہلاک ہوگیا ۔ یہ سارا المناک واقعہ دو معصوم بچوں کی آنکھوں کے سامنے پیش آیا جو اب بالکل یتیم ہوگئے ہیں۔
کارکلا دیہی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر تیجسوی اور دیگر پولیس اہلکاروں نے جائے واردات پر پہنچ کر معاملہ کا جائزہ لیا اور دونوں لاشیں جھیل سے نکالنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے تعلقہ اسپتال میں بھیج دی گئیں۔